سیلاب متاثرہ علاقوں کے437بجلی فیڈرزمکمل،147جزوی بحال

لیسکو اورفیسکوکیزیرانتظام لاہور،فیصل آبادسمیت 8اضلاع میں بجلی بحالی کاکام مکمل
میپکو،گیپکو،پیسکو ،ٹیسکو،سیپکوکے276فیڈرزمکمل ،139عارضی بحال:پاورڈویڑن
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی ، مجموعی طور پر 51 گرڈ اور 588 فیڈرز متاثر ہوئے،437 فیڈرز کو مکمل اور 147 کو جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ اتوار کو پاور ڈویڑن کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق فیسکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں 28 گرڈ اور 81 فیڈرز متاثر ہوئے، متاثرہ فیڈرز میں 74 مکمل اور 7 جزوی طور پر بحال کردئیے گئے، فیسکو کے زیرِ انتظام علاقے فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ اور میانوالی میں بجلی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ لیسکو کے 67 متاثرہ فیڈرز میں سے 66 مکمل اور 1 جزوی طور پر بحال ہوچکے ہیں، لیسکو کے 150 متاثرہ صارفین کیلئے بجلی کی بحالی کا کام تقریباً 14 اکتوبر تک مکمل کرنے کی توقع ہے، لیسکو کے زیرِ انتظام علاقے لاہور، ننکانہ، شیخوپورہ اور اوکاڑہ میں بجلی کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا۔ میپکو کے 181 متاثرہ فیڈرز میں سے 76 مکمل اور 102 جزوی طور پر بحال کر دیئے گئے ہیں، میپکو کے زیرِ انتظام علاقوں میں پانی اترتے ہی متاثرہ فیڈرز کی مکمل بحالی کا کام شروع ہو جائے گا۔ گیپکوکے 11 گرڈز اور 103فیڈرزمتاثر ہوئے،متاثرہ فیڈرز میں سے 102 فیڈرز مکمل اور 1 جزوی طور پر بحال ہوچکے ہیں،پیسکو کے 90 فیڈرز مکمل طور پر بحال کردئیے گئے ہیں،ٹیسکو کے علاقے شمالی وزیرستان اور خیبر کے 18 متاثرہ فیڈرز مکمل طور پر بحال کر دئیے گئے ہیں،سیپکو کے 44 متاثرہ فیڈرز میں سے 8 مکمل اور 36 عارضی طور پر بحال ہوئے۔