کراچی: کے الیکٹرک نے حالیہ بارشوں کے دوران شہریوں کو برقی آلات کے محتاط استعمال کی ہدایت جاری کی ہے۔
ترجمان کے مطابق غیر محتاط رویہ جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بارش یا کھڑے پانی میں پانی کی موٹرز، ایکسٹینشن بورڈز اور دیگر برقی آلات کا استعمال خطرناک ہو سکتا ہے، شہری ان سے اجتناب کریں۔مزید کہا گیا کہ شہری ٹی وی، انٹرنیٹ کیبلز، ٹوٹے ہوئے تاروں اور بجلی کی ترسیلی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ رکھیں، جبکہ کنڈے یا غیر قانونی ذرائع سے بجلی لینے سے گریز کریں کیونکہ یہ حادثات کا باعث بن سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں حفاظتی اقدامات کے تحت کچھ علاقوں میں عارضی طور پر بجلی کی فراہمی معطل کی جا سکتی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔کے الیکٹرک کے ترجمان نے بتایا کہ فیلڈ ٹیمیں مکمل طور پر الرٹ ہیں اور شہر بھر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ بجلی کی بحالی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔