انگلینڈ کی ایک کائونٹی میں مسجد کو نقصان پہنچانے کی کوشش

2 افراد نے مسجد میں گھسنے میں ناکامی پر باہر کھڑی کارکو کچھ چھڑک کر جلادیا
 لندن (آئی این پی )انگلینڈ کی ایک کائو نٹی میں مسجد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ۔ایسٹ سسیکس کی پولیس کے مطابق ایک مقامی مسجد کے باہر کار کو آگ لگائی گئی۔پولیس کی جانب سے مسجد کے باہر کار جلانے کے واقعے کی نفرت انگیز جرم کے طور پر تحقیقات کی جارہی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کار جلائے جانے کے بعد مسجد میں فائر بریگیڈ عملے کو طلب کیا گیا اور واقعے میں کوئی فرد زخمی نہیں ہوا۔مسجد کے ایک رضاکار نے نام چھپانے کی شرط پر بتایا کہ 2 افراد نے مسجد میں گھسنے میں ناکامی پر باہر کھڑی کارکو کچھ چھڑک کر جلادیا۔انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت مسجد میں 2 افراد موجود تھے جو بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔مقامی پولیس نے بتایا کہ اس واقعے پر مسلم برادری کے تحفظات سے آگاہ ہیں،عینی شاہدین ہم سے رابطہ کریں۔سسیکس پولیس ڈیٹیکٹیو سپرنٹنڈنٹ کیری بوہنا نے بتایا کہ نفرت انگیزجرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کائونٹی میں پولیس کے گشت کو بڑھایا جا رہا ہے تاکہ پورے علاقے میں عبادت گاہوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔