2 ہزار ٹیمیں سیلاب نقصانات کا سروے کر رہی ہیں، کارڈ ملنے کے بعد فوری طور پر 50 ہزار روپے تک کی رقم دی جائے گی
گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلئے جامع منصوبہ تیار ،کپاس کی اب تک 26.5 لاکھ گانٹھ پھٹی حاصل کی جا چکی ہیں
ملتان (آئی این پی )حکومت پنجاب نے سیلاب سے ہونیوالے نقصان کے پیش نظرمتاثرہ کسانوں کے لئے فی ایکڑ 20 ہزار روپے مالی امداد کی منظوری دے دی ۔ملتان میں فصلوں کی صورتحال کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری زراعت افتخار علی ساہو نے بتایا کہ تقریبا 2 ہزار ٹیمیں سیلاب سے متعلق نقصانات کا سروے کر رہی ہیں،وزیراعلی پنجاب مریم نواز پہلے ہی فی ایکڑ 20 ہزار روپے مالی امداد کی منظوری دے چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گندم کی کاشت کے ہدف کے حصول کیلئے جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے اور کپاس کی پیداوار بڑھانے کے اقدامات سے حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے ہیں، اب تک 26.5 لاکھ گانٹھ پھٹی حاصل کی جا چکی ہے جو گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 18.46 لاکھ گانٹھوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بینک آف پنجاب ہر تحصیل میں خصوصی کاونٹر قائم کرے گا تاکہ متاثرین کو سہولت فراہم کی جا سکے، اور سیلاب زدگان کو کارڈ ملنے کے بعد فوری طور پر 50 ہزار روپے تک کی رقم دی جائے گی۔