امریکا میں ایک شخص کی 1977 میں سمندر میں گری ہوئی انگوٹھی 83 ویں سالگرہ کے موقع پر واپس مل گئی۔
یہ انگوٹھی میک ماسٹر یونیورسٹی کی تھی اور اس کی واپسی ایک غوطہ خور کی محنت کی بدولت ممکن ہوئی۔غوطہ خور الیکس ڈیوس نے اکتوبر کے وسط میں بارباڈوس کے میامی بیچ کے قریب اپنے میٹل ڈیٹیکٹر کے ساتھ غوطہ لگایا، جہاں اس نے پانی کے اندر ایک دبی ہوئی انگوٹھی دریافت کی۔ انگوٹھی پر "میک ماسٹر یونیورسٹی" کا نشان اور "1965" اور "FMP" درج تھا، جس سے یہ ظاہر ہوا کہ یہ کسی یونیورسٹی کے گریجویٹ کی انگوٹھی ہے۔
ڈیوس نے انگوٹھی کے مالک کا پتہ لگانے کے لیے ہیملٹن اسکول سے رابطہ کیا۔ میک ماسٹر یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کیرن میکیگی نے اپنی ٹیم کے ساتھ انگوٹھی کے مالک کی شناخت کرنے کے لیے یونیورسٹی کے ریکارڈز کو چیک کیا اور یہ ثابت کیا کہ انگوٹھی 1965 میں گریجویٹ ہونے والے مورگن پیریگو کی تھی۔
کیرن میکیگی نے فوراً پیریگو سے رابطہ کیا، جنہوں نے بتایا کہ انہوں نے 1977 میں بارباڈوس کے اپنے فیملی ٹور کے دوران یہ انگوٹھی کھو دی تھی۔ پیریگو نے یہ بھی کہا کہ وہ اس وقت جوان تھے اور اس حادثے کو ہمیشہ یاد رکھتے تھے، لیکن انگوٹھی واپس ملنے کے بعد انہیں شدید خوشی ہوئی۔
یہ انگوٹھی، جو تقریباً 46 سال بعد واپس ملی، اب پیریگو کے لیے ایک قیمتی یادگار بن چکی ہے۔