تحریک انصاف اورسنی اتحاد کونسل کو 4 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی مل گئی

چیف وہپ پی ٹی آئی ملک عامر ڈوگر  قائمہ کمیٹی  مذہبی امور‘سنی اتحاد کونسل کے سربراہ احمد رضا کو قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا  چیئرمین منتخب کیا گیا
تحریک انصاف کے حاجی امتیاز  قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر ‘ تحریک انصاف کے جنید اکبرقا ئمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیزکے چیئرمین بن گئے

اسلام آباد (آن لائن)فرینڈلی اپوزیشن نے تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کے مزید چار کمیٹیوں کی سربراہی دلوادی۔پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا سمیت چار اراکین قومی اسمبلی قائمہ کمیٹیوں کے متفقہ چیئرمین منتخب ہوگئے ۔قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس ایڈوائزر،قانون سازی احمد مشتاق کی صدارت میںپارلیمنٹ ہائوس میں ہوئے ۔چیف وہپ پی ٹی آئی ملک عامر ڈوگر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا متفقہ چیئرمین منتخب کیا گیا ان کا نام چودھری  ارمغان سبحانی نے تجویز کیا جبکہ شگفتہ جمانی اور دیگر اراکین نے تائید کی ،سنی اتحاد کونسل کے سربراہ احمد رضا کو قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا متفقہ چیئرمین منتخب کیا گیا ان کا نام نوشین افتخار نے تجویز کیا جبکہ زرتاج گل اور دیگر ارکان نے تائید کی ،تحریک انصاف کے ہی حاجی امتیاز احمد چودھری کو قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ،ان کا نام جنید انوار چودھری نے تجویز کیا جبکہ فتح اللہ خان سمیت دیگر نے تائید کی ،تحریک انصاف کے ہی جنید اکبر کو قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز امور اور افرادی قوت کا متفقہ چیئرمین منتخب کیا گیا ان کا نام بھی جنید انوار چودھری  نے تجویزکیا جبکہ باقی ارکان نے تائید کی ۔