مختلف تھانوں میں 5515 مقدمات درج، کریک ڈائون جاری رکھنے کا حکم
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے رواں سال بجلی چوری کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6116 افراد کو گرفتار کیا ہے یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ شہر کے مختلف تھانوں میں اس دوران 5515 مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ درج مقدمات میں عدم گرفتاری پر 10 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے ،سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے اور متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ رکھا جائے ، سی سی پی او لاہورنے زور دیا کہ بجلی چوری کی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنائی جائے اور درج مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ محکمہ پراسیکیوشن کے تعاون سے مقدمات کے چالان بروقت مکمل کر کے انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔