بھارت،مسافر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ،حادثے سے بال بال بچ گیا

نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی شہر حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ممکنہ بڑا فضائی حادثہ اس وقت ٹل گیا جب انڈیگو کی کننور جانے والی پرواز کو تکنیکی خرابی کے باعث اڑان کے چند ہی منٹ بعد واپس ہنگامی طور پر لینڈ کرانا پڑا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق طیارہ معمول کے مطابق روانہ ہوا تھا، تاہم فضا میں پہنچنے کے فوری بعد پائلٹ کو تکنیکی مسئلہ کا شبہ ہوا جس پر انہوں نے فوری طور پر مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایئر ٹریفک کنٹرول کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایات اور مکمل تعاون کے ساتھ پائلٹ نے نہایت مہارت کے ساتھ طیارے کو واپس ایئرپورٹ پر اتارا، جس کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ حکام کے مطابق طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا اور اس میں سوار تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے، کسی قسم کا جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ واقعہ کے بعد ایئرپورٹ پر کچھ دیر کیلئے احتیاطی اقدامات کے تحت سرگرمیاں متاثر ہوئیں جبکہ ایئرلائن کی جانب سے فوری طور پر مسافروں کے لیے متبادل پرواز کے انتظامات کئے گئے۔ انڈیگوکے ترجمان نے بتایا کہ طیارے میں پیش آنے والی تکنیکی خرابی کی مکمل جانچ شروع کر دی گئی ہے اور حفاظتی معیارات کے مطابق ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔