راولپنڈی:پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کے لیے اہلِ خانہ اڈیالہ جیل پہنچے، تاہم پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی اور ناکہ بندی کے باعث بعض افراد کو روکا گیا۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کی جانب سے ملاقات کے لیے ان کی بیٹی مبشرہ اور بھابی مہرالنساء اڈیالہ جیل پہنچیں، جبکہ پی ٹی آئی بانی کی طرف سے ان کی بہنیں علیمہ خان، نورین نیازی، عظمیٰ خانم اور کزن قاسم خان بھی ملاقات کے لیے جیل آئے۔اڈیالہ جیل جانے والے راستوں پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، متعدد مقامات پر ناکے لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی اور مخصوص افراد کو ہی آگے جانے کی اجازت دی گئی۔اس دوران پی ٹی آئی بانی کے ترجمان نیاز اللّٰہ نیازی کو بھی پولیس نے چیک پوسٹ پر روک لیا، جس پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے لیے وکلاء کی فہرست جیل انتظامیہ کو فراہم کی جا چکی ہے، مگر اس کے باوجود پولیس عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے۔
نیاز اللّٰہ نیازی نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ کا واضح فیصلہ موجود ہے جس میں بانی پی ٹی آئی کو اہل خانہ اور وکلاء سے ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا، "عدالتی احکامات کی توہین کی جا رہی ہے، ملک میں آئین اور قانون کہیں نظر نہیں آ رہا۔"اہل خانہ کی جانب سے اس معاملے پر شدید ردِ عمل سامنے آیا ہے اور قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ملاقات میں مزید رکاوٹیں ڈالیں گئیں تو عدالتی توہین کا مقدمہ دائر کیا جا سکتا ہے۔