وزیراعلیٰ کا رمضان پیکیج سے اضافی رقم لینے کا سخت نوٹس

تین ملزم  گرفتار‘غیرقانونی دھندے میں ملوث ایجنٹس بلیک لسٹ کر دئیے گئے 
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر رمضان پیکج پر اضافی رقم لینے والوںکے خلاف سخت ترین کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ قصور، بھکر اور گجرانوالہ میں کارروائی کے دوران تین ملزموں کو گرفتار کیا گیا اورغیرقانونی دھندے میں ملوث ایجنٹس بلیک لسٹ کر دئیے گئے ۔ قصور میں 10 ہزار روپے رمضان پیکج کی رقم پر 500 روپے غیرقانونی طور پر لینے والا ملزم بلال کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے مکہ موبائل شاپ اور بھکر میں ایلفا ریٹیلر سیل کر دیں، ملزمان پر مقدمات درج کرلیا اور مشینیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے عوام سے اپیل کی کہ رمضان پیکج حاصل کرنے والوں کو ایسی کسی بھی شکایت پر فوری 0800-02345 پر فری کال کرکے شکایات درج کرا ئیں۔ پنجاب حکومت مستحقین کو قطار سے بچانے کے لئے اس بار نقد رقوم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے فراہم کررہی ہے۔