بین الاقوامی شہرت یافتہ ترک ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے مرکزی کردار نبھانے والے اداکار انگین آلتان ڈنرز نے پاکستان سے اپنی محبت اور وہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی کے دلچسپ تجربات کا تذکرہ کیا ہے۔
حال ہی میں ایک تقریب کے دوران انہوں نے پاکستانیوں سے ملنے والی محبت اور پاکستان کے دورے کے دوران پیش آنے والے واقعات شیئر کیے۔انگین آلتان نے بتایا کہ ان کا پاکستان کا دورہ واقعی حیرت انگیز تھا کیونکہ پاکستان میں ارطغرل سیریز کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوویڈ کے دوران جب وہ کراچی گئے تو انہیں لگا کہ لوگ وائرس پر یقین نہیں کرتے بلکہ اسے جھوٹ سمجھتے ہیں، کیونکہ وہاں وائرس سے کوئی مر رہا نہیں تھا۔ایک دلچسپ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انگین آلتان نے بتایا کہ جب وہ ہوٹل کے اپنے کمرے میں پہنچے تو اچانک 15 سے 20 لوگ ان کے کمرے میں آ گئے۔ جب انہوں نے ان لوگوں کو بتایا کہ یہ ان کا ذاتی کمرہ ہے تو وہ بولے، "ہاں، آجاؤ، ہم تصویریں کھنچواتے ہیں۔"
اداکار نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایک مسجد کے دورے کے دوران جب وہ امام مسجد سے ملاقات کر رہے تھے، تو اچانک تقریباً 4 سے 5 ہزار افراد مسجد میں داخل ہو گئے، جو انہیں دیکھنے اور ملاقات کرنے آئے تھے۔ اس قدر بڑی تعداد میں لوگوں کے باعث ان کے پاس کوئی سیکیورٹی نہیں تھی اور انہیں نیشنل گارڈز کی مدد سے محفوظ جگہ منتقل کیا گیا۔ انگین آلتان نے اسے ایک حیران کن اور یادگار تجربہ قرار دیا۔یہ تمام واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان میں ترک ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ کو کتنی محبت اور پذیرائی حاصل ہے اور انگین آلتان ڈنرز کو بھی پاکستانی عوام کی جانب سے بے حد پیار ملا ہے۔