خلیل الرحمٰن قمر کا ’طاغوت اسکینڈل‘ پر تہلکہ خیز انکشاف: واقعہ ’پری پلانٹڈ‘ تھا، ماحول کو اشتعال دلانا مقصد تھا

خلیل الرحمٰن قمر کا ’طاغوت اسکینڈل‘ پر تہلکہ خیز انکشاف: واقعہ ’پری پلانٹڈ‘ تھا، ماحول کو اشتعال دلانا مقصد تھا

معروف ڈرامہ نویس اور شاعر خلیل الرحمٰن قمر نے گزشتہ سال وائرل ہونے والے متنازعہ ’طاغوت اسکینڈل‘ کے حوالے سے ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔

 ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جس پروگرام میں اسلامی اسکالر ساحل عدیم اور ایک نوجوان خاتون کے درمیان شدید لفظی جھڑپ ہوئی تھی، وہ واقعہ پہلے سے منصوبہ بند تھا، یعنی ’’پری پلانٹڈ‘‘۔خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ پروگرام میں جو کچھ بھی ہوا، اچانک یا غیرمتوقع نہیں تھا بلکہ ایک مرتبہ ساحل عدیم نے خواتین کو جاہل قرار دیا تو پروگرام کے میزبانوں نے جان بوجھ کر مداخلت کر کے بحث کو ایک مخصوص سمت میں موڑ دیا تاکہ یہ بات واضح ہو جائے کہ جہالت کا تعلق صرف خواتین سے نہیں بلکہ ہر اس فرد سے ہے جس نے قرآن کا ترجمہ نہیں پڑھا۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ساحل عدیم نے خواتین پر تنقید کی، ایک لڑکی نے بات کاٹ کر مداخلت کی، جس سے بحث تیز اور جذباتی ہو گئی۔ خلیل الرحمٰن قمر کو حیرت ہوئی کہ ایک خاتون نے اسکالر سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کر دیا، اور ان کے بقول یہی بے ادبی اور غصے کی اصل وجہ تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام بنانے والوں کا اصل مقصد ماحول کو اشتعال دلانا اور مخصوص ردعمل حاصل کرنا تھا، اور وہ اس میں کامیاب بھی ہوئے۔یہ تنازعہ اُس وقت شروع ہوا جب ساحل عدیم نے پروگرام میں خواتین کو ’طاغوت‘ جیسے اسلامی تصور سے نابلد اور جاہل قرار دیا۔ پروگرام میں شریک لڑکی ازبحہ عبداللہ نے اس پر احتجاج کیا اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

 اس دوران دونوں کے درمیان سخت لفظی تبادلہ ہوا۔ ساحل عدیم نے لڑکی سے سوال کیا کہ کیا وہ ’طاغوت‘ کا مطلب جانتی ہے، جب وہ لاعلمی کا اظہار کر بیٹھی تو انہوں نے جہالت کا الزام لگایا۔لڑکی نے جواب دیا کہ خواتین کو علم سے دور رکھنے والا معاشرہ پدر سری نظام کی وجہ سے ہے، لیکن ساحل عدیم اس موقف سے اختلاف کرتے رہے اور جہالت کا الزام دینا اسلام کا فرض قرار دیا۔ انہوں نے حدیث کا حوالہ بھی دیا جس میں جہالت کو گڑھے میں گرنے سے تعبیر کیا گیا ہے۔اس بحث کے دوران خلیل الرحمٰن قمر بھی ناراض ہو گئے اور لڑکی کا مائیک چھیننے کا مطالبہ کیا، جس سے پروگرام میں مزید تناؤ پیدا ہو گیا۔یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا اور اس پر شدید بحث و مباحثہ شروع ہو گیا، جہاں کچھ نے لڑکی کی جرأت کو سراہا جبکہ کئی افراد نے خلیل الرحمٰن قمر، ساحل عدیم اور میزبان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔اب تقریباً ایک سال بعد خلیل الرحمٰن قمر کی جانب سے اس پورے واقعے کو منصوبہ بندی کے تحت پیش کیے جانے کا انکشاف تنازعے کو نیا رخ دے رہا ہے اور اس پر شوبز اور مذہبی حلقوں میں مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔