ویب ڈیسک: شہر قائد میں زمین ایک بار پھر لرز اٹھی، جمعہ کی صبح دو بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جنہوں نے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پہلا جھٹکا صبح 4 بجکر 46 منٹ پر محسوس کیا گیا، جس کی شدت 2.7 ریکٹر اسکیل پر ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے کی گہرائی صرف 2 کلومیٹر تھی، جبکہ مرکز ڈی ایچ اے کراچی کے جنوب میں تقریباً 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔دوسرا زلزلہ صبح 7 بجکر 58 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا، جس کی شدت 1.8 تھی۔ اس جھٹکے کی گہرائی 8 کلومیٹر جبکہ مرکز ملیر کے شمال مغرب میں 7 کلومیٹر دور بتایا گیا ہے۔دونوں جھٹکوں کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی، تاہم تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
ماہرین ارضیات کے مطابق اگرچہ زلزلے معمولی شدت کے تھے، مگر چونکہ ان کا مرکز زمین کی سطح کے بہت قریب تھا، اس لیے جھٹکے واضح طور پر محسوس کیے گئے۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔واضح رہے کہ کراچی اور اس کے گرد و نواح میں حالیہ مہینوں کے دوران وقفے وقفے سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا رہے ہیں، جس پر ماہرین مزید تحقیق کر رہے ہیں۔