ہمیں اپنے ماحول کو پلاسٹک آلودگی سے بچانے کیلئے اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا: وزیراعلی سندھ
کراچی(آئی این پی)وزیراعلی سندھ نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں 15 جون سے پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی لگا دی جائے گی۔عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں یہ دن پلاسٹک آلودگی کا خاتمے کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ماحول کو پلاسٹک آلودگی سے بچانے کے لیے اجتماعی کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعلی سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پلاسٹک کے کم سے کم استعمال کو یقینی بنائیں اور صاف ستھرا ماحول اپنائیں۔وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت صوبے بھر میں پلاسٹک صفائی مہم کا آغاز کر چکی ہے اور پلاسٹک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک سے پاک سندھ ہمارا خواب ہے، جسے ہم سب کو مل کر حقیقت بنانا ہے۔