انگلینڈ اور دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، بابر اعظم کپتان مقرر

 کپتان کی بھی کوئی ذمہ داری ہوتی ہے، شان مسعود کی قیادت میں اس طرح نتائج نہیں آرہے تھے جس طرح کی توقع تھی ،عاقب جاوید 
لاہور(آئی این پی )دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لئے بابر اعظم کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا۔قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے کیا۔ اسد شفیق اور سابق کپتان مصباح الحق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔پاکستان کی 16 رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم کپتان، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس ، عبداللہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری اور محمد رضوان شامل ہیں۔اسکواڈ میں ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد بھی شامل ہیں۔مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل فٹنس مسائل کی وجہ سے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔اس موقع پر  پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس  عاقب جاوید نے کہا  کہ میں اور اسد شفیق سیلکشن کمیٹی میں 18 ماہ سے ہیں، مصباح الحق اور سرفراز احمد کو شامل ہوئے 6 ماہ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ 3 فارمیٹ ہیں اور آپ کو دیکھنا ہوتا ہے کہ کس فارمیٹ میں آپ کی پرفارمنس کیا ہے۔  عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ کپتان کی بھی کوئی ذمہ داری ہوتی ہے، شان مسعود کی قیادت میں اس طرح نتائج نہیں آرہے تھے جس طرح کی توقع تھی۔مصباح الحق اور اسد شفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ شان مسعود کی اپنی کارکردگی اچھی رہی ہے لیکن ان کی قیادت میں ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں تھی، اب کوشش کی ہے کہ تبدیلی لائے جائے تاکہ ٹیم کے نتائج اچھے ہوں، فاسٹ بولرز کی اسپیڈ ہمارے لیے فکر مندی کی بات ہے۔عاقب جاوید نے کہا کہ کوئی بھی کرکٹ بورڈ یا سلیکشن کمیٹی یہ نہیں چاہے گی کہ کپتان ایک سیریزکے لئے ہو، تسلسل کے ساتھ موقع ملنا چاہیے اور  یہ موقع پرفارمنس کے ساتھ ملتا ہے، اگر سب اچھا جا رہا ہو تو پھر تبدیل کرنے کی ضرورت تو نہیں، ہم تو یہی چاہیں گے کہ جس کو بھی موقع ملے دو تین سال کے لئے  موقع ملے۔دوسری جانب مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں تسلسل بہت اہم ہوتا ہے، تسلسل سے ہی کامیابی ملتی ہے، دیکھنا یہ ہوتا ہے کہ بحیثیت پلیئر اور کپتان کارکردگی میں تسلسل ہے یا نہیں۔پاکستان ٹیم دورے کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچز سے کرے گی، قومی ٹیم 18 جولائی کو ٹراوبا میں وارم میچ کھیلے گی۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک ٹراوبا میں کھیلا جائے گا۔