لاہور(شوبز ڈیسک)اردو کے ممتاز شاعر سیف الدین سیف کی33ویں برسی 12جولائی کو منائی جائے گی۔سیف الدین سیف 20 مارچ 1922 کو کوچ کشمیریاں امرتسر کے ایک معزز اور ادبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے آبائو اجداد کشمیر سے ہجرت کر کے امرتسر میں آباد ہوئے تھے۔ والد کا نام خواجہ معراج دین تھا جو ایک نیک صفت اور درویش منش آدمی تھے۔ سیف الدین سیف کی عمر جب ڈھائی برس ہوئی تو والدہ کا انتقال ہو گیا۔ ان کا بچپن امرتسر کی گلیوں میں گزرا۔ ابتدائی تعلیم مسلم ہائی سکول امرتسر سے حاصل کی لیکن میٹرک کا امتحان بطور پرائیویٹ امیدوار اچھے نمبروں سے پاس کیا۔ پھر ایم اے او کالج امرتسر میں داخل ہو گئے۔ یہاں پر کالج پرنسپل ڈاکٹر ایم ڈی تاثیر اور انگریزی لیکچرار فیض احمد فیض کی قربت نے علمی و ادبی ذوق پیدا کیا۔