پاکستان اور چین کا ایک دوسرے کی مکمل حمایت، سکیورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

دونوں ملکوں نے افغانستان میں دہشتگردوں کے خاتمے، مسئلہ کشمیر کے یواین قراردادوں کے مطابق پرامن حل پر زور دیا
 دونوں ممالک کی دوستی کی 75 ویں سالگرہ کے حوالہ سے تقریبات منعقد کی جائیں گی:،پا ک چین  ساتویں سٹریٹجک ڈائیلاگ کا اعلامیہ 
اسلام آباد(آئی  این پی )پاکستان اور چین کے درمیان ساتویں سٹریٹجک ڈائیلاگ میں ایک دوسرے کی مکمل حمایت، دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دفتر خارجہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان ساتویں سٹریٹجک ڈائیلاگ ہوئے، چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صدارت کی، اس کے مشترکہ اعلامیہ میں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیہ میں پاکستان نے ایک چین پالیسی کے تحت تائیوان، سنکیانک، تبت، ہانگ کانگ، جنوبی بحیرہ چین اور چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، چین نے پاکستان کی خودمختاری،علاقائی سالمیت اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور تعاون کا اعلان کیا۔   ڈائیلاگ میں دونوں ممالک کی دوستی کی 75 ویں سالگرہ کے حوالہ سے تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا، اقدام کا مقصد دونوں ممالک میں نسل در نسل دوستی کو مزید مضبوط اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینا ہے،