ایس پی کینٹ کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد

لاہور (کرائم رپورٹر) ترجمان پولیس کینٹ ڈویڑن کے مطابق ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کی زیر صدارت ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں رواں ماہ کے کرائم گراف اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنانے، 15 ایمرجنسی کالز پر رسپانس ٹائم بہتر کرنے اور پیٹرولنگ سسٹم مضبوط بنانے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ایس پی کینٹ نے مفرور اشتہاریوں اور عادی مجرمان کی گرفتاری کے ٹارگٹس ہر صورت پورے کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں سٹریٹ کریمنلز، نقب زنوں اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے تدارک کیلئے حکمت عملی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔ قمار بازی، قحبہ خانوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کے ساتھ کرایہ داروں کے اندراج اور 15 کالز پر فوری ریسپانس کو بھی یقینی بنانے کے احکامات دیے گئے۔