ناقص تفتیش ،متعدد افسر وں کو وارننگ

ایس ایس پی محمد نوید کی زیرصدارت تبدیلی تفتیش بورڈ میں 37 مقدمات پر سماعت، میرٹ پر فوری انصاف کی ہدایت
 لاہور (کرائم رپورٹر) ایس ایس پی انویسٹی گیشن شہریوں کو انصاف کی فراہمی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید کی زیر صدارت انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز میں تبدیلی تفتیش فرسٹ بورڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں تمام ڈویڑنل ایس پیز نے شرکت کی۔ ترجمان پولیس کے مطابق قتل، اقدام قتل، اغواء  ، چیک ڈس آنر، امانت میں خیانت، دھوکہ دہی اور ڈکیتی کے 37 مقدمات زیر بحث آئے۔ افسران نے دونوں فریقین کو سننے کے بعد تبدیلی تفتیش سے متعلق احکامات جاری کیے۔ مدعی محمد اختر قتل، ایان شفیق اور بابر وقاص امانت میں خیانت، افتخار حسین دھوکہ دہی کے مقدمات کی تفتیش تبدیلی کے لیے پیش ہوئے۔ مدعیہ فرزانہ نصیر اور ردا کنول اغواء ، قمر علی چیک ڈس آنر جبکہ احمد علی چوری کے مقدمات تبدیلی تفتیش بورڈ میں لائے۔ اختیارات سے تجاوز اور میرٹ پر تفتیش نہ کرنے والے متعدد افسران کو وارننگز اور شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے، خواتین و بچوں کے مقدمات برق رفتاری سے نمٹائے جا رہے ہیں، شہری کسی بھی وقت میرے دفتر آ سکتے ہیں۔