ملزم اراضی نام کرنے کیلئے دبائو ڈال رہا تھا ،، لاشیں گڑھے سے بر آمد،ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے
چنیوٹ (خصوصی رپورٹ)تھانہ صدر کے علاقے چک نمبر 126 میں مبینہ طور پر جائیداد کے تنازع پر ایک شخص نے اپنی بیوی اور تین کمسن بچوں کو قتل کردیا، پولیس نے شک کی بنیاد پر کھدائی کرکے تینوں بچوں کی لاشیں بر آمد کرلیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی بیوی پر اس کے حصے کی زرعی اراضی اپنے نام منتقل کرنے کیلئے مبینہ طور پر دبا ئو ڈال رہا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق زمین اپنے نام منتقل نہ کرنے پر ملزم اپنی بیوی اور بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتا رہا۔پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر چھ روز قبل اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد تینوں بچوں کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا اور لاشیں گڑھا کھود کر چھپا دیں۔ شک کی بنیاد پر پولیس نے نشاندہی کردہ مقام پر کھدائی کی تو وہاں سے تینوں بچوں کی لاشیں بر آمد ہوئیں۔پولیس کے مطابق مقتول بچوں کی شناخت 7 سالہ ام البنی، 6 سالہ صبا زہرا اور 5 سالہ نواز کے نام سے ہوئی ہے۔ لاشیں بر آمد ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس اور غم کی فضا پیدا ہوگئی۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔