دبئی (سپورٹس ڈیسک)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)محسن نقوی نے دبئی میں آئی سی سی اکیڈمی میں ٹریننگ کے دوران پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور کھلاڑیوں کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ملاقات کے موقع پر قومی ویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ وہاب ریاض سمیت دیگر کوچنگ اسٹاف بھی موجود تھا، محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے تفصیلی گفتگو کی اور ویمنز ایشیا کپ کے لیے ان کی تیاریوں کے بارے میں دریافت کیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ویمن کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ تسلسل کے ساتھ کھیلیں اور اپنی توجہ صرف کھیل پر مرکوز رکھیں۔انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ ہر میچ کو الگ سمجھتے ہوئے میدان میں اتریں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔محسن نقوی نے کہا کہ میچ ٹو میچ کھیلیں اور ہر مقابلے میں جیت کے لیے جائیں، ویمنز ایشیا کپ میں قومی ٹیم سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق بہترین کھیل پیش کریں۔محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے گفتگو میں کہا کہ ویمنز ایشیا کپ میں ان سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور انہیں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے قومی کھلاڑیوں کے عزم اور تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میدان میں اعتماد کے ساتھ کھیلیں اور ہر میچ میں کامیابی کے حصول کے لیے بھرپور کوشش کریں۔پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی کو بتایا کہ وہ ایونٹ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور ٹورنامنٹ کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی سے توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گی اور ایشیا کپ میں پاکستان کے لیے بہترین نتائج حاصل کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔