امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے بعد جنرل عاصم منیر نے فرنٹ سے قیادت کر کے ایک شاندار مثال قائم کی۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر نے جنگی مشقوں میں خود ٹینک پر چڑھ کر جوانوں سے خطاب کیا، جس سے ان کی مضبوط قیادت اور فوجی جوانوں کے ساتھ گہرے روابط کا اظہار ہوا۔رپورٹ کے مطابق جنرل عاصم منیر نے بھارتی جارحیت کے تناظر میں کہا کہ پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور اور مؤثر جواب دے گا۔ ان کے اس موقف نے ان کے جنگی حکمت عملی کے بارے میں ایک سخت اور واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سرحدوں کا بھرپور دفاع کرے گا۔نیویارک ٹائمز نے مزید لکھا کہ جنرل عاصم منیر کا ردعمل صرف ایک فوجی کی طرف سے نہیں آیا بلکہ یہ سیاسی سطح پر بھی مضبوط اور واضح موقف کی علامت ہے۔ آرمی چیف کا یہ اقدام اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ انہوں نے ملکی دفاع اور علاقائی استحکام کے لیے اپنے عزم کو پوری دنیا کے سامنے واضح کیا ہے۔اس کے علاوہ، امریکی جریدے نے جنرل عاصم منیر کے اس قیادتی طرز عمل کی بھی تعریف کی جس میں انہوں نے اپنی فورس کو سخت حوصلہ افزائی اور ثابت قدمی کے ساتھ کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کی ترغیب دی۔