پشاور: خیبر پختونخوا میں 600 سے زائد معدنیات کی لیز جاری نہ ہونے کی وجہ سے ایک ارب روپے سے زائد کا نقصان ہو رہا ہے، جبکہ 3,200 معدنیات کی لیز سے 6 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کی آمدن ہو رہی ہے۔
محکمہ معدنیات کی دستاویزات کے مطابق خیبر پختونخوا میں اس وقت 3,200 لیز جاری کی گئی ہیں، جس سے محکمے کو رائلٹی، آکشن اور فیسوں سمیت سال 2023-24 کے دوران 6 ارب 20 کروڑ روپے 99 لاکھ 70 ہزار 491 روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔ ان لیز سے تقریباً 1 لاکھ 60 ہزار لوگ روزگار سے وابستہ ہیں۔
دستاویزات کے مطابق اس وقت 600 لیز بند ہیں، جس کی وجہ سے محکمہ کو اضافی آمدن نہیں ہو پا رہی۔ محکمہ کی دستاویزات کے مطابق اگر حکومت لیز کھولنے کے لیے اقدامات اٹھاتی ہے تو محکمے کو مزید ایک ارب روپے سالانہ کی آمدن حاصل ہو سکتی ہے اور 30 ہزار سے زائد لوگوں کو روزگار کے مواقع مل سکتے ہیں۔