دنیا کی بڑی عالمی شپنگ اور کارگو کمپنی میئرسک نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خلیجی ممالک کے لیے اپنے آپریشنز عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، بحرین، کویت، قطر اور عراق کے لیے کارگو سروسز اور نئی بکنگ فوری طور پر روکی گئی ہیں۔ اس فیصلے کے تحت سعودی عرب کی اہم بندرگاہوں دمام اور الجبیل کے لیے بھی کارگو بکنگ معطل کر دی گئی، جس سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں اور سپلائی چین پر اثرات پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔میئرسک انتظامیہ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی عسکری کشیدگی کے باعث بحری جہازوں، عملے اور سامان کی حفاظت کو یقینی بنانا مشکل ہو رہا تھا، اس لیے یہ احتیاطی اقدام اٹھایا گیا۔کمپنی نے مزید وضاحت کی کہ عمان کی بندرگاہ صلالہ سے آپریشنز فی الحال معمول کے مطابق جاری رہیں گے اور وہاں سے کارگو کی ترسیل جاری رکھی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو اس کے اثرات عالمی تجارت، تیل کی ترسیل اور بحری راستوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ خلیجی ممالک عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی کے اہم مراکز ہیں، اس لیے کسی بڑی شپنگ کمپنی کی جانب سے سروسز معطل کرنے سے نہ صرف علاقائی تجارت بلکہ عالمی سپلائی چین بھی متاثر ہو سکتی ہے۔میئرسک دنیا کی سب سے بڑی شپنگ کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے اور اس کے جہاز دنیا کے درجنوں ممالک کے درمیان سامان کی ترسیل کرتے ہیں، اس لیے اس کے کسی بھی بڑے فیصلے کے اثرات عالمی تجارت پر بھی پڑ سکتے ہیں۔