ویرات کوہلی نے بھارت کیوں چھوڑا؟ سابق ساتھی کھلاڑی کا انکشاف

ویرات کوہلی نے بھارت کیوں چھوڑا؟ سابق ساتھی کھلاڑی کا انکشاف

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کے بھارت چھوڑ کر لندن منتقل ہونے کے فیصلے سے متعلق ان کے سابق ساتھی کرکٹر لیام لیونگ اسٹون نے دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے لیونگ اسٹون نے کہا کہ میدان میں انتہائی جارحانہ اور پُرجوش انداز رکھنے والے ویرات کوہلی ذاتی زندگی میں نہایت نرم مزاج، دوستانہ اور خاندان سے گہری وابستگی رکھنے والے انسان ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بھارت میں غیر معمولی شہرت اور مسلسل عوامی توجہ کی وجہ سے کوہلی کو ہر وقت میڈیا اور فینز کی نظر میں رہنا پڑتا تھا، جس سے وہ بعض اوقات ذہنی دباؤ محسوس کرتے تھے۔لیونگ اسٹون کے مطابق کوہلی ایک ایسی زندگی چاہتے تھے جہاں وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ زیادہ پر سکون ماحول میں وقت گزار سکیں، اور بغیر مسلسل عوامی توجہ کے معمول کی زندگی جی سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ بیٹی کی پیدائش کے بعد کوہلی نے خاندانی زندگی کو زیادہ ترجیح دینا شروع کی اور اسی وجہ سے انہوں نے زیادہ پرائیویسی اور سکون کے لیے بیرون ملک منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔

اس سے قبل ڈاکٹر سری رام نینے بھی یہ بات کہہ چکے ہیں کہ ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ انوشکا شرما اپنی بے پناہ مقبولیت کے باعث نارمل زندگی سے مکمل طور پر لطف اندوز نہیں ہو پا رہے تھے، جس کی وجہ سے انہوں نے لائم لائٹ سے دور رہنے کو ترجیح دی۔ماہرین کے مطابق اس طرح کے فیصلے دنیا بھر کے بڑے اسپورٹس اسٹارز میں عام ہیں، جہاں شہرت اور پرائیویسی کے درمیان توازن برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج بن جاتا ہے۔