ڈی آئی جی آپریشنز کی کچہری، شکایات پر احکامات

مختلف نوعیت کے مقدمات پر فوری تحقیقات اور قانونی کارروائی کی ہدایت
لاہور(کرائم رپورٹر) شہریوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کے پیشِ نظر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے اپنے دفتر میں دوسری مرتبہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق کھلی کچہری کے دوران ایک شہری نے ایجنٹ کے خلاف شکایت درج کرائی کہ اسے ورک ویزہ کی بجائے وزٹ ویزہ پر بیرون ملک بھجوایا گیا، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز نے فراہم کردہ شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ کوٹ لکھپت کے ایک شہری نے گاڑی کی بائیو میٹرک نہ دینے اور ہراساں کیے جانے کی شکایت کی، جس پر ایس ایچ او کوٹ لکھپت کو فوری طور پر معاملہ حل کرنے کا حکم دیا گیا۔ اسی طرح ایک شہری نے دکان کے مالک پر جھوٹا چوری کا الزام لگانے کا مو?قف اختیار کیا، جس پر ایس ایچ او لوئر مال کو انکوائری کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کھلی کچہری میں گھریلو تشدد، جائیداد کے تنازعات، جعل سازی، اغواء   اور ہراسانی سمیت مختلف نوعیت کے معاملات بھی زیرِ بحث آئے۔ ایک خاتون نے شوہر اور سسر کی جانب سے تشدد اور درخواست واپس لینے کے لیے دباو ڈالنے کی شکایت کی، جس پر ایس ایچ او بادامی باغ کو خاتون کے بیان کی روشنی میں کارروائی کا حکم دیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے مختلف مقدمات میں مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ایچ او شالیمار اور باغبانپورہ کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا۔ جعلی نکاح نامے کی شکایت پر ایس ایچ او شالیمار کو نکاح نامے کی تصدیق کے بعد قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ ایک بزرگ شہری نے بیٹوں کے خلاف تشدد اور گھر سے بے دخل کرنے کی شکایت کی، جس پر انچارج ڈی آئی بی کو تحقیقات کا حکم دیا گیا۔ ساہیوال سے تعلق رکھنے والی خاتون نے اپنے بیٹے کی پراسرار موت کو قتل قرار دیتے ہوئے انصاف کی اپیل کی، جس پر ایس ایچ او گجر پورہ کو انکوائری کا حکم دیا گیا۔ کرایہ دار خاتون کی جانب سے مالک مکان پر تشدد اور بدزبانی کی شکایت، جائیداد کی خریدوفروخت میں جعل سازی، تنخواہ مانگنے پر مبینہ اغواء  اور تشدد، عدالتی حکم امتناعی کے باوجود تعمیرات اور دیگر شکایات پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو تحقیقات اور قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تمام شکایات پر میرٹ اور قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔