لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران باٹا پور پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایچ او باٹا پور رضوان خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دورانِ پٹرولنگ کارروائی کرتے ہوئے ملزم ریاض کو منشیات کی سپلائی کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 3 کلو سے زائد چرس برآمد کر لی۔ ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے جی ٹی روڈ اور گردونواح میں نوجوان نسل کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی کینٹ نے بتایا کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں اور جلد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ اس موقع پر ایس پی کینٹ اختر نواز نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او باٹا پور رضوان خان اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو تباہ کرنے والے منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔