بین الصوبائی تعاون سے ملزم گرفتار، مغویہ اسلام آباد پولیس کے حوالے کردی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر) بین الصوبائی پولیس تعاون کے نتیجے میں اسلام آباد سے اغوا ہونے والی ایک لڑکی کو لاہور کے علاقے ایبٹ روڈ سے بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا، جبکہ اغوا میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق قلعہ گجر سنگھ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کا سراغ لگایا اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مغویہ کو بازیاب کرایا۔ ایس پی سول لائنز کے مطابق ملزم گھر کے باہر کھڑی لڑکی کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر فرار ہوگیا تھا۔ بازیابی اور گرفتاری کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے لڑکی اور گرفتار ملزم کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او قلعہ گجر سنگھ رانا قادر اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے پولیس متحرک ہے اور اغوا میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا۔