کراچی :وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں کرکٹ کے فروغ، میچز کے انعقاد اور سٹیڈیمز کی تعمیر نو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نیاز سٹیڈیم حیدرآباد کی عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد 17 برس بعد اس سٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز کا انعقاد ممکن ہوگا۔ محسن نقوی نے کہا کہ رواں برس نیاز سٹیڈیم میں انٹرنیشنل میچ کے انعقاد کی کوشش کی جائے گی اور اس کے علاوہ کرکٹ کے نئے وینیوز پر بھی کام جاری ہے۔ حیدرآباد اور فیصل آباد میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
پی سی بی کی ٹیم آئندہ ہفتے نیاز سٹیڈیم کا دورہ کرے گی تاکہ سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کی بھرپور معاونت سے نیاز سٹیڈیم کی انٹرنیشنل معیار کے مطابق اپ گریڈیشن کی جائے گی اور سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔نیاز سٹیڈیم میں آخری بین الاقوامی ون ڈے میچ 2008 میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ ملاقات کے موقع پر سندھ کے صوبائی وزیر جام خان شورو اور پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد بھی موجود تھے۔