اسٹنٹ کمشنر کوئٹہ جارہے تھے ،مسلح افراد نے ڈرائیور اور گن مین کو چھوڑ دیا
کیچ(آئی این پی)بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں افسوسناک اور سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں اسسٹنٹ کمشنر تمپ محمد حنیف نورزئی کو نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کر لیا۔ ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ کی جانب روانہ تھے۔ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر بڑیچ کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے سرینکن کے مقام پر اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو روکا اور انہیں زبردستی گاڑی سے نکال کر اپنے ہمراہ نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔ ذرائع انتظامیہ کے مطابق مسلح افراد نے واقعے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر کے ڈرائیور اور گن مین کو چھوڑ دیا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے اور نہ ہی اغواء کاروں کی جانب سے کسی قسم کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔