مسلح ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل نہ روکنے پر تاجر کو قتل کر دیا

 مقتول سخاوت گڑ کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتا تھا،لاش ہسپتال منتقل
فیصل آباد(خصوصی رپورٹ)فیصل آباد موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل نہ روکنے پر فائرنگ کرکے تاجر کو قتل کر دیا، ڈاکو رقم لوٹ کر فرار ہوگئے، پولیس نے نعش تحویل لے کر کارروائی شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر جڑانوالہ کے علاقہ جڑانوالہ شاہکوٹ روڈ پر واقع نجی مارکی کے قریب ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر موٹر سائیکل نہ روکنے پر فائرنگ کرکے تاجر سخاوت ولد شیر محمد ساکن 58 گ ب کو قتل کر دیا۔حکام نے بتایا کہ مقتول سخاوت گڑ کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتا تھا،تاجر گاؤں سے موٹر سائیکل پر چک نمبر 93 گ ب کی جانب جا رہا تھا۔اطلاع ملنے پر پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔قتل کی واردات پر ورثاء نے لاش کو روڈ پر رکھ احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کردی۔ ورثاء نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ مبینہ ڈاکوؤں کو فی الفور گرفتار کیا جائے