اداروں نے رویہ نہ بدلا تو دیگر آپشن موجود ہیں: جنید اکبر

 اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی جنید اکبر  نے کہا ہے کہ اداروں نے رویہ نہ بدلا تو دیگر آپشن موجود ہیں، ہمارے پاس آپشن ہے کہ صوبے کے چار پانچ علاقوں پر دھرنا دیں۔ جنید اکبر نے  ایک انٹرویو میں کہا کہ علی امین گنڈاپور وزیراعلی خیبرپختونخوا ہیں، ان کی بات کی تصدیق یا تردید نہیں کروں گا۔چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی کا کہنا تھا کہ خواہش ہے ادارے بیٹھ کر درمیان کا راستہ نکالیں، سیاسی لوگوں کے ساتھ اس لئے نہیں بیٹھتے تھے کہ ان کے پاس اختیار نہیں تھا، بات اسی سے ہونی چاہیے جس سے پاس اختیار ہو۔انھوں نے کہا کہ میں ایسا نہیں کہ غلط بیانی کروں، مجھے سیاسی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا تھا مگر ابھی تک اجلاس میں شرکت نہیں کی ، مذاکرات کرنے ہیں تو مخالفین بھی لچک کا مظاہرہ کریں، ہماری خواہش کو کمزوری سمجھیں تو ایسا نہیں ہونا چاہیے۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو مینڈیٹ چوری کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، 8 فروری کو صوابی میں جلسہ کریں گے، جلسے کے بعد گھروں کو چلے جائیں گے، بعد میں لائحہ عمل کا اعلان کریں گے