کراچی ، تجاوزات کے خلاف آپریشن ، ٹرک کوآگ لگا دی گئی

ضبط شدہ سامان جل کرراکھ بن گیا،مسلح افرا دکے حملے میں چار افسران زخمی 
کراچی (آئی این پی)کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران نامعلوم افراد نے محکمہ انسداد تجاوزات کے ایک ٹرک کو آگ لگا دی، جس میں ضبط کیا گیا سامان مکمل طور پر جل گیا۔پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ، سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ نے بتایا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔اسی دوران سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی  کی ڈیمولیشن ٹیم نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کی رہائشی سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات مسمار  کیں۔کارروائی کے دوران کچھ مسلح افراد نے ٹیم پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں چار افسران زخمی ہوگئے۔ایس بی سی اے حکام کے مطابق زخمی افسران اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی مدعیت میں حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی اضافی فلورز، پلرز، چھت اور دیواریں توڑ کر ضبط کی گئیں۔