لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی مریم نواز شریف نے پنجاب سے بچوں کی جبری مشقت کے خاتمے کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، 15 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی کی چیئرپرسن سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو مقرر کیا گیا ہے، سابق رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا سٹیئرنگ کمیٹی کے شریک چیئرمین ہوں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سکول ایجوکیشن، سرمایہ کاری و کامرس، صنعت و تجارت، سوشل ویلفیئر و بیت المال اور ہنرمندی و چھوٹے کاروبار کی ترقی کے صوبائی وزرا کمیٹی کے ارکان ہوں گے، اس کے علاوہ داخلہ، محنت و افرادی، سکول ایجوکیشن، صنعت و تجارت، سوشل ویلفیئر، سکل ڈویلپمنٹ اینڈ اینٹرپرینیور کی وزارتوں کے صوبائی سیکرٹری، چیئرمین پی ٹی آئی بی اور ڈی آئی جی پولیس بھی کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی تمام شعبوں کی میپنگ کرے گی، جبری مشقت لینے والے شعبوں کا تعین کرے گی، صنعتوں، بھٹوں، زراعت، ماہی گیری، ورکشاپس اور آٹو ری پئیر کے شعبوں کا خاص طور پر ڈیٹا جمع کیا جائے گا