اسلام آباد( خصوصی رپورٹ)الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے فوری طور پر حلقہ بندیوں پر کام شروع کرنے کی ہدایت کردی۔بدھ کو الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے چار دفعہ حلقہ بندیاں کر چکا ہے اور جب بھی انتخابا ت کے انعقاد کیلئے تیاری مکمل کرتا ہے تو قوانین میں ترامیم کردی جاتی ہیں اب الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ترمیم شدہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے مطابق حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کیا جائے اور دفتر کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر ضروری انتظامات کرے اور حلقہ بندی کا شیڈول منظوری کیلئے الیکشن کمیشن کو پیش کرے۔