لالچی باپ کی کمسن بیٹی کی بوڑھے سے زبردستی شادی کی کوشش

بچی نے گھرسے بھاگ کرجان بچائی،شہری کی اطلاع پر پولیس نے بچی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا 
لاہور(کرائم رپورٹر)فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں کمسن لڑکی کی شادی کا واقعہ پیش آیا۔نشئی والد نے پیسوں کے لالچ میں کمسن بچی کی بوڑھے شخص سے زبردستی شادی کروانے کی کوشش کی جس پر کمسن بچی نے شادی کے دن گھر سے بھاگ کر جان بچائی۔شہری نے 15 ایمرجنسی کال کے ذریعے ورچوئل چائلڈ سیفٹی سنٹر میں بچی ملنے کی اطلاع دی۔شہری نے بتایا کہ بچی زبردستی کی شادی سے بچنے کے لیے اپنے گھر سے بھاگ کر آئی ہے۔ورچوئل چائلڈ سیفٹی سنٹر نے فوری طور پر متعلقہ پولیس کو موقع پر بھجوایا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچی کو حفاظتی تحویل میں لیا۔ترجمان سیف سٹیز کا کہنا تھاکہ بچی کی شکایت پر پولیس نے والدین سے رابطہ کیا۔والدین کی جانب سے معافی مانگنے اور آئندہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ پولیس نے والدین سے بچی کو نقصان نہ پہنچانے اور مرضی کے خلاف شادی کرنے کی تحریری ضمانت لیکر والدین کے ساتھ جانے دیا۔