ڈرونز، مارٹر شیل، جدید اسلحہ و ایمونیشن کی خریداری کی جائے گی:آئی جی ڈاکٹر عثمان انور
لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس لاہور میںاہم اجلاس، ترقیاتی پراجیکٹس، جدید ساز و سامان کی خریداری، انتظامی امور کا جائزہ لیا۔بدھ کوہونیوالے اجلاس میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹر اتھارٹی(پیرا) کے لیے کانسٹیبلز کی بھرتی اور ٹریننگ کے امور زیر غور آئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اجلاس میں دہشت گردوں کے بڑھتے حملوں کے پیش نظر بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں کا دفاعی نظام مزید مضبوط و محفوظ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سرحدی پولیس چوکیوں کے لئے بلٹ پروف وہیکلز، ڈرونز، مارٹر شیل، جدید اسلحہ و ایمونیشن کی خریداری کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر تشدد و شرپسند عناصر پر قابو پانے کے لئے اینٹی رائٹ فورس کی تشکیل نو کی جا رہی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالجز و سکولز کے کمانڈنٹس کو سپاہ کی اینٹی رائٹ فورس ٹریننگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی، آر پی اوز، آر پی اوز سرگودھا، ڈی جی خان، کمانڈنٹس پولیس ٹریننگ سکولز اینڈ کالجز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔