لاہور(کرائم رپورٹر) یومِ شہادت حضرت علی المرتضیٰ کے موقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے مغربی سرحدی صورتحال کے پیش نظر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے منسلک عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے جبکہ بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر تعینات اہلکاروں کو انتہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں یومِ شہادت حضرت علی? کے سلسلے میں نکالے جانے والے عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے 30 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 8 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں 217 عزاداری جلوسوں اور 994 مجالس کی سکیورٹی کے لیے پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ جلوسوں کی سکیورٹی پر 20 ہزار جبکہ مجالس پر 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں