ترکیہ سے ڈی پورٹ 10افراد اسلام آبادایئرپورٹ پر گرفتار

 اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)ایف آئی اے  امیگریشن نے ترکیہ سے غیر قانونی طور پر بارڈر عبور کرنے کی کوشش کے دوران ڈی پورٹ ہونے والے 10 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔فلائٹ نمبر 9P747 کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے والے ان تمام ڈیپورٹیز کو ابتدائی حراست کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والے ملزمان نے ترکیہ میں غیر قانونی داخلے کے لئے انسانی سمگلروں اور ایجنٹوں کو 2 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک کی بھاری رقم ادا کی تھی ،ڈی پورٹ ہونے والوں میں نعیم راولپنڈی،  تصورحسین لیہ ،   صفدر آزادسیالکوٹ،صدائس   لاہور،  خالد و قاضی ضیا الرحمان پشاور، حسن علی  صوابی ، سہیل خان ، ڈیرہ اسماعیل خان ، اسد علی سرگودھا اور عثمان نوازمانسہرہ  شامل ہیں،تفتیشی حکام کے مطابق   نعیم 19 نومبر 2025 کو تفتان بارڈر کے ذریعے  بیرون ملک روانہ ہوا تھا جبکہ باقی 9 ڈی پورٹیز کا پاکستان سے روانگی کا کوئی ریکارڈ  بارڈر مینجمنٹ سسٹم میں موجود نہیں ۔ ان تمام افراد کے غیر قانونی سفر کا انتظام ارسلان، حاجی قاری، عرفان اور عثمان سمیت دیگر ایجنٹس نے کیا تھا ،جن کی گرفتاریکے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔