قصبہ گجرات کے شہری فقیر احمد کا یوسی سیکرٹری پر الزام، تحقیقات اور انصاف کا مطالبہ
قصبہ گجرات (خصوصی رپورٹ)سرکاری ریکارڈ میں زندہ شخص کو مبینہ طور پر مردہ قرار دینے کا انکشاف۔موضع منسارام خاص کے رہائشی فقیر احمد ولد عاشق حسین قوم گڑبڑ نے یونین کونسل غازی گھاٹ کے سیکرٹری پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کرتے ہوئے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ جائیداد کے تنازع کے باعث مبینہ طور پر سازباز کرکے اسے سرکاری ریکارڈ میں فوت شدہ ظاہر کر دیا گیاحالانکہ وہ زندہ ہے۔فقیر احمد کے مطابق جب وہ اپنے کاغذات کی تصدیق کیلئے یونین کونسل پہنچا تو اسے معلوم ہوا کہ ریکارڈ میں اسے مردہ درج کیا جا چکا ہے جس پر اسے شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔متاثرہ شہری نے الزام عائد کیا کہ ریکارڈ درست کرانے کیلئے رابطہ کرنے پر بھی مبینہ طور پر رقم کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ غریب محنت کش ہے اور اس کے چھوٹے بچے ہیں۔فقیر احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر ڈیرہ غازی خان، ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو اور اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور الزامات درست ثابت ہونے پر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔دوسری جانب سیکرٹری کا مؤقف جاننے کیلئے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔