لاہور سے ننھیال آئے بہن بھائی برساتی پانی میں نہا رہے تھے،بہن کو بچالیا گیا
محکمہ موسمیات کی آئندہ 2 سے 3 روز مزید بارش کی پیشگوئی ، اربن فلڈنگ کا خدشہ
نارنگ منڈی،کالا شاہ کاکو ،مریدکے،لاہور(خصوصی رپورٹ)نارنگ منڈی میں برساتی پانی میں نہاتے 2 کمسن بھائی ڈوب کر جاں بحق،بہن کو بچا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کے نارنگ منڈی میں نارووال روڈ کی آبادی کوٹ عبداللہ میں لاہور کے علاقہ مغلپورہ کا رہائشی ایک خاندان چھٹیاں گزارنے ننھیال آیا ہوا تھا، گزشتہ روز ان کے تین بچے7 سالہ عبد آاور 9 سالہ مستقیم اور 10سالہ بہن گھر کے قریبی خالی پلاٹ میں کھڑے برساتی پانی میں نہانے لگ گئے، اسی دوران پانی کی گہرائی زیادہ ہونے کے باعث دونوں بھائی ڈوب گئے جبکہ بہن کے شور مچانے پر قریبی افراد فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اورانہوں نیاسے ڈوبنے سے بچا لیا جبکہ دونوں بچوں کی لاشیں بھی پانی سے باہر نکال لیں ۔ دونوں بھائیوں کی لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے منتقل کر دی گئی ہیں،افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران مریدکے اور فیروزوالا کے علاقوں میں اب تک12سے زائد افراد پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 2 سے 3 روز مزید بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے کیمطابق پنجاب میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات کے نتیجے میں اب تک 46 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔