12منصوبوں کے پی سی ون تیار ،شہر چھ زونز میں تقسیم ،منظوری کیلئے منصوبے پی ڈبلیو ڈی میں پیش ہوگا
لاہور (خصوصی رپورٹ) قدیم لاہور کی بحالی کے لیے 12پراجیکٹس کے پی سی ون تیار کر لئے، ہیریٹیج زون،مال روڈ،انار کلی،نیلا گنبد اور ملحقہ علاقوں کا سروے بھی مکمل کر لیا گیا ،سیکرٹری بلدیات کی زیر صدارت اجلاس میں قدیم لاہور کی بحالی کے لیے پی سی ونز کو حتمی شکل دی گئی ،اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمر کیفی،ڈپٹی سیکرٹری ڈویلپمنٹ امجد علی نے شرکت کی،ڈائریکٹر کنزرویشن والڈ سٹی نجم ثاقب نے مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور کے ہیریٹیج ایریاز کی بحالی کے لیے شہر کو چھ زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔اندرون لاہور اور ملحقہ علاقوں میں انڈر گرا ئونڈ پارکنگ بنائی جائے گی۔بھاٹی گیٹ،شاہ عالم مارکیٹ،موچی گیٹ،دہلی گیٹ اور شیرانوالہ گیٹ کے قریب نئی پارکنگ بنائی جائیں گی۔اندرون لاہور تجاوزات کو مستقل طور پر ختم کرکے فصیل بنائی جائے گی۔شاہ عالمی گیٹ،یکی گیٹ،موچی گیٹ اور اکبری گیٹ کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔شاہ عالم مارکیٹ تا بھاٹی چوک تک پیدل گزرگا ہ بنائی جائے گی۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام پی سی ونز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔تمام منصوبوں کو منظوری کے لیے پی ڈبلیو ڈی میں پیش کیا جائے گا۔