پاکستان کو بڑی کامیابی: اقوام متحدہ کے منشیات کمیشن میں 4 سال کیلئے منتخب

پاکستان کو بڑی کامیابی: اقوام متحدہ کے منشیات کمیشن میں 4 سال کیلئے منتخب

پاکستان کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے منشیات کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے، اور وہ 2026ء سے 2029ء تک چار سالہ مدت کے لیے اس اہم کمیشن کا حصہ ہوگا۔

 نیویارک میں یو این اقتصادی و سماجی کونسل کے انتخابات میں پاکستان کا انتخاب عمل میں آیا، جس کے بعد پاکستانی حکام نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔پاکستان کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک اعلامیے میں کہا کہ یو این اقتصادی و سماجی کونسل کی حمایت پر پاکستان کا شکر گزار ہے، اور کمیشن برائے منشیات کا رکن منتخب ہونا عالمی سطح پر پاکستان پر اعتماد اور بھروسے کا مظہر ہے۔اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان عالمی انسداد منشیات کی کوششوں میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے اور وہ منشیات کی سمگلنگ، پیداوار اور استعمال کے خلاف لڑائی میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ میں عالمی منشیات پالیسی کے حوالے سے مباحثوں میں ہمیشہ فعال اور تعمیری کردار ادا کیا ہے، اور اب اس کے کمیشن برائے منشیات کا رکن منتخب ہونے سے عالمی سطح پر انسداد منشیات کی کوششوں میں اس کا کردار مزید مستحکم ہوگا۔