لاہور میں بارش سیموسم خوشگوار ،راولپنڈی میں مزید بارشوں کی پیش گوئی
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ندیوں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
لاہور،اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ2سے3 روز کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا۔ این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران تیز ہوا ئوں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ خیبر پختونخوامیں چترال، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور دیگر علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال جبکہ نوشہرہ، پشاور، صوابی اور مردان کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال، نشیبی علاقے اوررابطہ سڑکیں زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔لاہور میں شدید گرمی اور حبس کے بعد بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی جبکہ موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔واسا لاہور کی جانب سے بارش کے اعدادوشمار جاری کر دئیے گئے جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش اقبال ٹا ئون میں 29.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔سمن آباد ، گلشنِ راوی ، اسلام پورہ بازار ، نشتر ٹا ئون ، گارڈن ٹا ئون ، جیل روڈ ، فرخ آباد،سگیاں ،جوہر ٹا ئون، لکشمی چوک میں بھی بارش ہوئی۔ علاوہ ازیں رالپنڈی میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے ضلع بھر کے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی تدابیر مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے بارشوں کے مدنظر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقوں میں مقیم رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔