خفیہ سیل قائم ، ہیلپ لائن1350فعال ، گرفتاریاں شروع،جہاں رشوت مانگی جائے فوری اطلاع دیں:عوام سے اپیل
لاہور (خصوصی رپورٹ )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کرپشن کی نشاندہی اور کارروائی کیلئے خصوصی خفیہ سیل قائم ، عوام کی شکایات کیلئے ہیلپ لائن1350فعال کر دی گئی،مریم نواز کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت گرفتاریاں بھی شروع کر دی گئیں۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے خفیہ سیل کی رپورٹ براہ راست پیش کرکے گرفتاریاں شروع کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا پیسہ خورد برد کرنے والا ہر شخص سلاخوں کے پیچھے ہوگا،کسی کو عوام کا پیسہ کھانے نہیں دوں گی،کرپشن کے مقدمات میں عہدہ ،تعلق یا سفارش کسی کو نہیں بچا سکے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کرپشن کی شکایات پر مقررہ مدت میں کارروائی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جہاں کہیں کرپشن ہو، رشوت مانگی جائے یا اختیارات کا ناجائز استعمال ہو، عوام فوری اطلاع دیں، ہر شکایت پر کارروائی ہو گی اور شکایت کنندہ کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائیگا، عوام کی ایک اطلاع کرپشن اور رشوت خوری کے پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کر سکتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لوٹی رقم کی مکمل ریکوری تک کارروائی ختم نہیں ہو گی ،جو ہاتھ عوام کے پیسے کی طرف بڑھے گا وہ روکا جائے گا، ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے جدید مانیٹرنگ نظام بروئے کار لایا جائے گا، عوام کا اعتماد ہی اس حکومت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے، اس پر آنچ نہیں آنے دوں گی۔ مریم نوازنے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے وسیع پیمانے پر فنڈز جاری کئے گئے ایک ایک پائی شفاف طریقے سے خرچ نہ ہوئی تو کسی کو معافی نہیں ملے گی، جو اچھا کام کرے گا اسکی حوصلہ افزائی کے لئے سی ایم میرٹ بیج ہے اور جو کرپشن کرے گا وہ قانون کے کٹہرے میں ہوگا۔