رائے ونڈ سے جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ تک الیکٹرو بس کا پہلا روٹ ہوگا
جناح ٹرمینل سے ہربنس پورہ تک دوسرا روٹ، خواتین ، طلبا فری سفر کرینگے
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے لئے مزید40 الیکٹرو بسوں کا تحفہ دے دیا۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں مریم نواز نے لاہور الیکٹرو بس فیز ٹو کا ایکسپو سینٹرمیں افتتاح کیا۔ تقریب گاہ میں آمد پر مریم نواز کا والہانہ استقبال کیاگیا ، مریم نواز کی گاڑی پھولوں کی پتیوں سے لد گئی۔تقریب میں الیکٹرو بس کے بارے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ لاہور الیکٹرو بس پراجیکٹ فیز ٹو کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ عوام کی ضرورت کے پیش نظرفیز ٹو میں الیکٹرو بس دو نئے روٹس پر چلائی جائے گی۔ رائے ونڈ سے جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ تک الیکٹرو بس کا پہلا روٹ ہوگا۔دوسرے روٹ میں الیکٹرو بس جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک چلے گی۔الیکٹرو بس میں بزرگ، خواتین، طلبا اور سپیشل افراد سے کرایہ نہیں لیا جائے گا۔