ایچ پی وی (HPV) ویکسین کیچ اپ مہم آج اپنے آخری روز میں داخل ہو گئی ہے، جس میں صوبہ پنجاب نے 90 فیصد کوریج کے ساتھ ملک بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ جو والدین اپنی بچیوں کو کسی وجہ سے ویکسین نہیں لگوا سکے، وہ آج قریبی مراکز صحت سے یہ ویکسین لگوا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام چیلنجز اور جھوٹے پراپیگنڈے کے باوجود توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) کی ٹیموں نے انتھک محنت اور عزم کے ساتھ کام کیا۔ایچ پی وی مہم کے دوران 9 سے 14 سال کی 67 لاکھ بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔خواجہ عمران نذیر نے کامیاب مہم کے انعقاد پر ای پی آئی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ویکسین اب معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے کورس میں شامل کر لی گئی ہے۔
اب سے یہ ویکسین نو سال کی بچیوں کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ ای پی آئی پنجاب کے معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات میں یہ 13ویں ویکسین ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایچ پی وی ویکسین عالمی ادارہ صحت (WHO) سے تصدیق شدہ ہے اور دنیا کے 147 ممالک اسے اپنے حفاظتی پروگرام میں شامل کر چکے ہیں، جن میں سعودی عرب، قطر، یو اے ای، لیبیا، کویت اور مراکش جیسے مسلم ممالک بھی شامل ہیں۔