ویب ڈیسک: معروف ڈرامہ نگار و ہدایتکار خلیل الرحمان قمر کے مبینہ ہنی ٹریپ اور اغوا کیس میں سزا یافتہ مجرمہ آمنہ عروج کی اپیل پر لاہور ہائیکورٹ نے سماعت 8 اکتوبر کیلئے مقرر کر دی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ اس اپیل کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے فریقین کو آئندہ تاریخ پر دلائل کے لیے طلب کر لیا ہے۔یاد رہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت (ATC) نے رواں برس آمنہ عروج کو سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ عدالت کے مطابق، آمنہ عروج نے اپنے ساتھی مامون حیدر کے ساتھ مل کر معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔پراسیکیوشن کے مطابق، ملزمان نے خلیل الرحمان قمر کو فریب دے کر بلاکر تاوان وصول کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منصوبہ ناکام بنایا اور دونوں کو گرفتار کر لیا تھا۔
مجرمہ آمنہ عروج نے اپنی اپیل میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ"ٹرائل کورٹ کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے، استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد ناقص اور متضاد ہیں، اس لیے سزا کالعدم قرار دی جائے۔"دوسری جانب، پراسیکیوشن کا مؤقف ہے کہ مقدمے کے دوران پیش کیے گئے شواہد، گواہوں کے بیانات اور فرانزک رپورٹ سے جرم مکمل طور پر ثابت ہوتا ہے، اس لیے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ درست اور منصفانہ ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق، کیس کی سماعت کے دوران خلیل الرحمان قمر کے وکلا بھی موجود ہوں گے۔ یہ سماعت کیس کے مستقبل کے تعین میں اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔