بچی سے نازیبا حرکات کا ملزم زخمی حالت میں گرفتار

ملزم کی پولیس ناکے پر فرار کی کوشش ناکام، چوری شدہ موٹر سائیکل بھی بر آمد
موٹر سائیکل سوارملزم آکاش اہلکار سے ٹکرا کر گرا ، زخمی حالت میں پکڑا گیا 
 لاہور (کرائم رپورٹر) گوالمنڈی پولیس نے سات سالہ بچی سے نازیبا حرکات کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس ناکے پر موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو اس نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران تیز رفتار موٹر سائیکل ڈیوٹی پر موجود اہلکار سے ٹکرا گئی اور ملزم بے قابو ہو کر گر پڑا۔ پولیس اہلکاروں نے زخمی موٹر سائیکل سوار کو اٹھایا تو اس کے بازو پر چوٹ آئی ہوئی تھی۔ ملزم کی شناخت آکاش کے نام سے ہوئی، جس کے بارے میں تصدیق کرنے پر معلوم ہوا کہ موٹر سائیکل چوری شدہ ہے اور وہ سات سالہ بچی سے نازیبا حرکات کے مقدمے میں پولیس کو مطلوب ہے۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو بچی کے ساتھ نازیبا حرکات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزم کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل بھی بر آمد کر لی گئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔