اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سیالکوٹ میں مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ کے واقعے میں اہم قانونی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت 10 نومبر تک منظور کرتے ہوئے متعلقہ پولیس کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔ مسٹر پتلو کو وہیل چیئر پر اسلام آباد ہائیکورٹ لایا گیا، جہاں دوپہر ایک بج کر 40 منٹ پر انہیں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے چیمبر میں پیش کیا گیا۔ چیمبر میں تقریباً پانچ منٹ کی مختصر سماعت کے بعد ایک بج کر 45 منٹ پر ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔ حکم نامہ جاری ہونے کے بعد مسٹر پتلو وہیل چیئر پر چیمبر سے باہر آ گئے۔ حفاظتی ضمانت ملنے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے 10 نومبر تک انہیں گرفتار نہیں کر سکیں گے، جس کے دوران انہیں متعلقہ سیشن یا ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا موقع ملے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سیالکوٹ میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب اور محفلِ سماع کے موقع پر انعامات کی قرعہ اندازی کے اعلانات کے باعث ہزاروں افراد جمع ہو گئے تھے۔ اس دوران بد نظمی کے بعد بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا، جبکہ مسٹر پتلو کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کی گئی تھی۔